لاہور: شالیمار میں نوسر بازی اور چوری کی انوکھی واردات، شہری خوفزدہ ہو کر گھر کا سامان لٹا بیٹھا

لاہور: شالیمار میں نوسر بازی اور چوری کی انوکھی واردات، شہری خوفزدہ ہو کر گھر کا سامان لٹا بیٹھا

شالیمار تھانے کی حدود میں چوری اور نوسربازی کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق، موٹر سائیکل سوار ایک نوسر باز نے راستہ پوچھنے کے بہانے ایک شہری حسن کے قریب آ کر اچانک ہاتھ میں پکڑی ہوئی ایک ڈیوائس اس کی جانب بڑھا دی۔نوسر باز نے ڈیوائس کو ریموٹ کنٹرول بم قرار دیتے ہوئے شہری کو دھمکایا، جس پر خوفزدہ ہو کر حسن اسے اپنے گھر لے گیا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم شہری کے گھر سے دو تولہ سونا، 66 ہزار روپے نقدی اور ایک قیمتی موبائل فون چرا کر فرار ہو گیا۔واقعے کی اطلاع پر پولیس حرکت میں آ گئی۔ حسن کی درخواست پر نامعلوم ملزم کے خلاف نوسر بازی اور چوری کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے اور ملزم کی تلاش کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔