لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں چوری کی بڑی واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چور ایک بزنس مین کے گھر سے 3 کروڑ 80 لاکھ روپے نقدی اور بھاری مالیت کے طلائی زیورات چوری کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی علی رحمان نے اپنے گھر میں 70 تولے طلائی زیورات رکھے ہوئے تھے، تاہم جب انہوں نے گھر میں زیورات کی تلاش کی تو وہ اپنی جگہ سے غائب تھے۔ گھر سے بھاری مالیت کی نقدی بھی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔درج مقدمے میں علی رحمان نے اپنے بیٹے عثمان اور ایک نامعلوم چور کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق مدعی کو شبہ ہے کہ چوری کی واردات میں ان کا بیٹا عثمان اور وہ لڑکی بھی ملوث ہو سکتی ہے جس سے ان کا بیٹا محبت کرتا تھا، جبکہ لڑکی کے گھر والوں کے کردار سے متعلق بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کی جانب سے چوری شدہ نقدی اور طلائی زیورات کی برآمدگی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔