پاکستان ، کرغزستان ریلوے تعاون اقتصادی تعلقات کو بہتر بنائے گا : حنیف عباسی

وفاقی وزیرِ ریلو ے سے کرغزستان کے سفیر کی ملاقات ،  بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے تعاون اقتصادی تعلقات کو بہتر بنائے گا اور لوگوں کے درمیان روابط کو مضبوط کرے گا۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی سے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر نے جمعہ کو ملاقات کی ۔دونوں ممالک کے درمیان ریلوے تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی ۔سفیر اتاخانوف نے وزیر ریلویز حنیف عباسی کو ریلوے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔وفاقی وزیرنے کرغزستان کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہو ئے کرغزستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔کرغزستان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں بہتری آئی ہے، معیشت مضبوط ہوئی ہے۔ کرغزستان کے سفیر نے وزیر ریلویز حنیف عباسی کو پاکستان،کرغزستان بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کی مضبوطی اور تجارتی راستوں کی ترقی پر بھی بات چیت کی گئی۔دونوں فریقین نے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔