بھارت خطے کے امن کے درپے، مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہاہے
راولپنڈی /اسلام آباد(آئی این پی )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، بھارت خطے کے امن کے درپے، مقبوضہ کشمیراپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہاہے، بھارتی موقف کی قلعی خود بھارتی کل جماعتی کانفرنس اجلاس میں کھل چکی،واضح ہوگیا وہ مقبوضہ خطے میں اپنے تسلط کا دوام چاہتاہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگا م میں سیاحوں پر ہونیوالے حملے ، بھارت کی جانب سے الزامات اور قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے جواب پرردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام یا نہتے لوگوں کا قتل ظلم ہے اور ظلم ہمیشہ قابل مذمت رہاہے جس کی قطعاً شرعی، قانونی یا اخلاقی اجازت نہیں دی جاسکتی مگر یہ وتیرہ شرو ع سے بھارت کا رہا جس کا منہ بولتا ثبوت مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ پاکستانی عوام ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیارہیں اور وہ اقدامات اٹھائے جائیں جس سے ملی وحدت و یکسوئی پیدا ہو،کامیابی و کامرانی اسی میں مضمر ہے۔