دشمن پر کسی بھی وقت حملہ کرسکتے ہیں اسرائیلی آرمی دفاع کیلئے تیار ہیں ایرانی وزیرخارجہ

ایران  اسرائیل کو تباہ کرنے کے منصوبوں کے پیچھے کھڑا رہا،  جہاں بھی ضرورت ہو ئی حملہ کریں گے، اسرائیل  کارروائی سے کبھی نہیں ہچکچائے گا:ایال زمیز

 ایران پر نئے حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، جنگ سے بچا ئو کا بہترین راستہ یہی ہے  اس کیلئے  مکمل تیاری رکھی جائے : عباس عراقچی
تل ابیب‘تہران(آئی این پی)اسرائیلی آرمی چیف  نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھمکی دی ہے   ان کی فوج کسی بھی وقت اپنے دشمنوں کے خلاف حملہ کرسکتی ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق اسرائیلی  آرمی چیف ایال زمیر نے بیان میں کہا کہ  7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل کی حماس کے ساتھ جنگ شروع ہوئی لیکن بعد میں یمن اور ایران سمیت دیگر بھی اس میں شامل ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت ہو وہ حملہ کریں گے  اور اسرائیل دشمن کے خلاف کارروائی سے کبھی نہیں ہچکچائے گا۔انہوں نے ایران پر الزام لگایاکہ اس نے اسرائیل کے خلاف کچھ لوگوں کو  مالی اور عسکری مدد فراہم کی اور اسرائیل کو تباہ کرنے کے منصوبوں کے پیچھے کھڑا رہا‘دریں اثناء یران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کی جانب سے ایک اور ممکنہ حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے  ایران پر نئے حملے کے امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔روسی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کا خیرمقدم نہیں کرتا، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پوری طرح دفاع کے لئے  تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ سے بچا ئو کا بہترین راستہ یہی ہے کہ اس کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے۔