لاہور(کرائم رپورٹر)رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کا ڈولفن اسکواڈ ہمہ وقت متحرک ہے۔ ایس پی ڈولفن اسامہ امین چیمہ نے ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں فیلڈ کا دورہ کیا اور جوانوں کے ہمراہ مختلف سیکٹرز میں آن جاب چیکنگ کی۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ایس پی ڈولفن نے گلبرگ، لبرٹی، مین مارکیٹ اور دیگر اہم شاہراہوں پر تعینات ڈولفن ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کو سکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے دورانِ ڈیوٹی حساس مقامات، مساجد، بازاروں اور مارکیٹوں میں خصوصی پیٹرولنگ کی ہدایت جاری کی۔ایس پی اسامہ امین چیمہ نے سرکاری دفاتر، اہم عمارات اور تجارتی مراکز کے اطراف میں بھی گشت بڑھانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر سہولت و رمضان بازاروں میں پیٹرولنگ کی خود نگرانی ڈی ایس پیز کریں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔مزید برآں بازاروں اور مارکیٹوں میں پیٹرولنگ کے دوران بالخصوص بچوں اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ چیکنگ کے دوران ٹیموں سے اسٹریٹ کرمنلز، اشتہاریوں اور عادی ملزمان کی گرفتاریوں سے متعلق دریافت کیا گیا جبکہ ای پولیس ایپ کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا گیاایس پی ڈولفن کا کہنا تھا کہ پولیس ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی کالز پر فوری رسپانس ڈولفن فورس کی پہچان ہے، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔