بھارتی ریاست منی پور میں سرکاری ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین کو بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔
بھارتی جریدے ’دکن ہیرالڈ‘ کے مطابق زمینی رپورٹس میں ریلیف کیمپوں میں غذائی قلت، پینے کے صاف پانی کی کمی اور طبی سہولیات کے فقدان کی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق منی پور میں جاری تنازع کے باعث بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد عارضی پناہ گاہوں میں گنجائش سے زیادہ تعداد میں رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ حکومتی اقدامات میں کمی کے باعث تقریباً 24 ہزار افراد بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرین کو خوراک، صاف پانی اور طبی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جس سے ریلیف کیمپوں میں انسانی ضروریات سے متعلق مسائل مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی انسانی حقوق کے ماہرین نے منی پور کے ریلیف کیمپوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے متاثرین کو درپیش سنگین انسانی مسائل کی عکاسی قرار دیا ہے۔