مارکیٹ میں مرغی کے گوشت کی قیمت سرکاری نرخ سے تجاوز کرگئی، جبکہ مٹن اور بیف بھی مقررہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت ہونے لگے۔
سرکاری نرخ 439 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مرغی کا گوشت مارکیٹ میں 450 سے 455 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں مٹن 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو کے مقابلے میں مارکیٹ میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 260 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں انڈے 270 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی کا گوشت بھی اب عام اور کم آمدن والے افراد کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی کے گوشت، انڈوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے۔