شہر میں گوشت اور انڈوں کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مختلف اشیائے خورونوش مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 454 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 465 سے 470 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح مٹن کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں مٹن 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو ہے لیکن شہریوں کو یہ 1200 روپے فی کلو تک خریدنا پڑ رہا ہے۔فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 251 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں انڈے 260 روپے فی درجن میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پہلے ہی مہنگی ہیں، ایسے میں مرغی کے گوشت، مٹن، بیف اور انڈوں کی سرکاری نرخ سے زائد قیمتوں پر فروخت نے گھریلو بجٹ کو مزید متاثر کردیا ہے۔شہریوں کے مطابق مرغی کا گوشت بھی اب کم آمدنی والے طبقے کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور مقررہ قیمتوں سے زائد پر گوشت اور انڈوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کی جائے۔