مبینہ پولیس مقابلہ، ساتھی کی فائرنگ سے ڈاکو زخمی

لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ نواں کوٹ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران موٹر سائیکل سوار ڈاکو زخمی ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق سبزار کے علاقے میں ناکے پر اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اس کا کرمنل ریکارڈ (سی آر او) حاصل کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو اپنے ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی کی نیت سے علاقے میں گھوم رہا تھا، جبکہ مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔