مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے نئے صدر منتخب‘ حلف اٹھا لیا

قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے صدر کا انتخاب کیا،پیپلز پارٹی کے چودھری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کئے‘  ایک رکن غیر حاضر رہا‘شہبازشریف اورمریم نواز کی مبارکباد
مظفرآباد(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لیکر آزاد کشمیر کے نئے صدر منتخب ہوگئے‘نومنتخب صدر نے اپنے عہدے کاحلف اٹھا لیا۔  تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے صدر کا انتخاب کیا، پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے جب کہ ایک رکن غیر حاضر رہا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25 ویں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے صدر جموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔