خیبرپختونخوا سے نو منتخب 8 سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا

چیئرمین سینیٹ نے حلف لیا، مراد سعید، اعظم سواتی اور روبینہ ناز غیر حاضر رہے
پی ٹی آئی نے عمران اور جے یو آئی نے فضل الرحمن کے حق میں نعریبازی کی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا سے نو منتخب 8 اراکین نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس کے دوران ان سے حلف لیا ، ،حلف اٹھانے والوں میں سینیٹر زطلحہ محمود، روبینہ خالد، نیاز احمد، فیصل جاوید ، نورالحق قادری، مرزا محمد آفریدی، دلاور خان اور عطا اللہ درویش نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا یا،مراد سعید، اعظم سواتی اور روبینہ ناز نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔ خیبرپختونخوا سے نومنتخب 11 سینیٹرز میں آزاد رکن مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی، نورالحق قادری،مسلم لیگ ن کے نیاز احمد، جے یو آئی کے عطا الحق اور پیپلز پارٹی کے طلحہ محمود شامل ہیں۔خواتین کی نشست پر آزاد رکن روبینہ ناز اور پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد جبکہ ٹیکنوکریٹ نشست پر آزاد رکن اعظم سواتی اور جے یوآئی کے دلاور خان سینیٹرز منتخب ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب سے حافظ عبدالکریم کامیاب ہوئے ہیں، یہ نشست ساجد میر کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نومنتخب ممبران نے نعرے بازی کی، پی ٹی آئی کے سینیٹر ز نے بانی پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے سینیٹرز نے مولانا فضل الرحمن کے حق میں نعرہ بازی کی۔ پی ٹی آئی کے اراکین نے اپنی نشستوں کے سامنے بانی پی ٹی آئی کی تصاویر رکھ کر حلف اٹھا یا اور ایوان میں دستخط کرتے وقت بھی نعرہ بازی کی۔ پی ٹی آئی کے نومنتخب سینیٹرز نورالحق قادری اور فیصل جاوید نے دستخط کرنے کے بعد نعرہ بازی کی جبکہ جے یو آئی کے عطاالحق نے مولانا فضل الرحمان کے نعرے لگوائے۔ ایوان میں جب پی ٹی آئی کے تین سینیٹرز داخل ہوئے اور ابھی انھوں نے حلف نہیں اٹھایا تو مسلم لیگ ن کیسینیٹر ز نے کہا کہ یہ ایوان میں نہیں بیٹھ سکتے جب تک حلف نہیں اٹھالیتے ، بعدا زاں چیئرمین نے ان سے حلف لیا ۔