پنجاب؛ سیلاب کی تباہ کاریاں،سروے پاک فوج سے کرانیکی منظوری

لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب بھر میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سروے کرانے کے لیے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیلاب سروے کیلیے پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے فوج کی خدمات مانگی تھیں،وفاقی حکومت نے فوج کی تعیناتی کے باضابطہ احکامات پنجاب حکومت کو بھجوا دیئے ہیں۔ فوج کی تعیناتی پنجاب کے27 اضلاع میں سیلاب نقصانات سروے کے لئے کی گئی ہے، فوج کی تعیناتی سیلاب کے نقصانات کے تخمینے کیلیے مشترکہ سروے ٹیم کاحصہ ہے۔ وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سیلاب سروے کے لیے فوج کی تعیناتی کی ہے،حالیہ سیلابوں نے بڑی تعداد میں انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ ایک جامع بعد از سیلاب نقصانات کا سروے ناگزیر قرار دیا گیا ہے، سروے میں جان ومال، فصلوں، مویشیوں، انفراسٹرکچرکوپہنچنے والے نقصانات کا تعین ہوگا۔