بازاروں اور گلی محلوں میں ایس ایچ او اور چوکی انچارج روزانہ کم از کم 50 موٹرسائیکلیں تھانے یا چوکی میں بند کرے گا
محرر بازاروں اور گلی محلوں میں محافظوں کی ڈیوٹیاں لگائیں گے تاکہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں تھانے منتقل ہو سکیں
شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، شہری حلقے اسے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے بجائے سخت کارروائی قرار دے رہے ہیں
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف پولیس نے سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے آپریشن ونگ کے افسران کی جانب سے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کو تھانوں میں بند کیا جائے۔ اس سلسلے میں وائرلیس پیغام بھی جاری کر دیا گیا ہے۔وائرلیس پیغام کے مطابق ہر تھانے کا ایس ایچ او اور چوکی انچارج روزانہ کم از کم 50 موٹرسائیکلیں تھانے یا چوکی میں بند کرے گا۔ موٹرسائیکلیں تھانوں میں پہنچا کر ای ٹیگ کے ذریعے درج کی جائیں گی اور سواروں کو ہیلمٹ کے ساتھ تصویر بنانے کے بعد ہی رہا کیا جائے گاتھانوں کے محرر بازاروں اور گلی محلوں میں محافظوں کی ڈیوٹیاں لگائیں تاکہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو فوری طور پر تھانے منتقل کیا جا سکے تمام موٹرسائیکلیں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 134-ت کے تحت ای ٹیگ لگا کر بند کی جائیں گی دوسری جانب پولیس کے اس نئے حکم نامے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہری حلقے اسے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے بجائے سخت کارروائی قرار دے رہے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے وائس نوٹس کے حوالے سے پنجاب پولیس کا سرکاری مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا۔