سیاست کو گلی محلوں میں لے جانے کا وقت آ چکا:عطاء تارڑ

وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے ملک میں ایک طرف وہ لوگ ہیں جنہوں نے آپریشن بنیان المرصوص کے دوران پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے کامیابی سے پیش کیا، جبکہ دوسری طرف وہ عناصر ہیں جو 9 مئی جیسے واقعات کے ذمہ دار ہیں۔ ہم نے ترقی کے راستے کا انتخاب کرنے والوں کیساتھ چلنا ہے۔ حلقہ این اے 66 وزیرآباد کے ضمنی انتخابات کے لیے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کے موقعہ پر گوندل ہاؤس وزیرآباد میں ایک بھرپور ورکر کنونشن منعقد کیا گیا جس میں پارٹی قیادت، کارکنان اور مقامی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عطاء￿  اللہ تارڑ نے کہا  یہ ٹکٹ میرے بھائی بلال فاروق تارڑ کو نہیں بلکہ حلقے کے کارکنوں کو دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کارکنوں کی طاقت سے ہیں اور انہی کے بل بوتے پر کھڑے ہیں۔عطاء￿  تارڑ نے کہا  مسلم لیگ ن ایک نظریاتی اور اجتماعی سوچ کی حامل جماعت ہے جو ہمیشہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر گلی محلوں میں لے جانے کا وقت آ چکا ہے اور ن لیگ یہی سیاست لے کر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پارٹی پر مشکل وقت تھا، وہ نہ صرف قیادت بلکہ کارکنوں کے ساتھ بھی کھڑے تھے۔ حلقے سے دو بار گرفتاری، مقدمات اور دباؤ کے باوجود انہوں نے جدوجہد ترک نہیں کی۔ انہوں نے کارکنوں سے وعدہ کیا کہ ہر ایک کارکن تک خود چل کر جائیں گے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔کنونشن کے دوران ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب عطاء￿  تارڑ کی والدہ نے پارٹی ٹکٹ لہرا کر کارکنوں کو دکھایا جس پر کارکنوں نے زبردست نعروں کے ذریعے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔