شہباز شریف کا بل گیٹس سے رابطہ، صحت، زراعت اور ڈیجیٹل شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

شہباز شریف کا بل گیٹس سے رابطہ، صحت، زراعت اور ڈیجیٹل شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے مکمل خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور زرعی شعبے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے قابلِ اعتماد شراکت دار کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے میں حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر بل گیٹس نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے اس کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔بل گیٹس نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں زرعی شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے بھی بل گیٹس کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی اصلاحات میں جدید ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔دونوں جانب سے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کے سابقہ دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جس پر ملاقات میں باہمی تعاون کے مستقبل کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔