کولکتہ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 12 افراد جاں بحق

کولکتہ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 12 افراد جاں بحق

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔

 نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ ہزاروں شہری مشکلات میں گھِر گئے۔

سڑکیں ڈوب گئیں، نظامِ زندگی مفلوج
شدید بارشوں کے باعث شہر بھر میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور سینکڑوں افراد کو رات سڑکوں پر ہی گزارنا پڑی۔ ٹریفک جام نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔

تعلیمی ادارے اور دفاتر بند
انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اسکولز اور کالجز سمیت تمام تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران کولکتہ میں قائم امریکی قونصلیٹ نے بھی دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ریکارڈ بارش اور جانی نقصان
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کولکتہ میں 251.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو 1986 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ بعض علاقوں میں بارش کا تناسب اس سے بھی بڑھ گیا، جیسا کہ گاریا کامدہری میں 332 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں اب تک 12 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں 9 افراد کرنٹ لگنے سے، 2 پانی میں ڈوبنے سے اور ایک شخص دیوار گرنے کے باعث ہلاک ہوا۔

سفری سہولیات متاثر
بارشوں کے سبب ریل، میٹرو اور فضائی سروسز بری طرح متاثر ہوئیں۔ متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔

مذہبی سرگرمیاں متاثر
درگہ پوجا کی تیاریوں کے لیے جمع سامان اور مورتیاں بھی پانی میں بہہ گئیں، جس کے باعث مذہبی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑا۔

مزید بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا نیا سسٹم بن رہا ہے جس کے باعث آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔