خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 28 افراد جاں بحق، 29 زخمی

خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، 28 افراد جاں بحق، 29 زخمی

خیبرپختونخوا میں 19 جولائی سے جاری مون سون بارشوں اور فلش فلڈز نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں 28 افراد جاں بحق جبکہ 29 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 10 مرد، 15 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 9 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں، سیلابی ریلوں، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث 47 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 37 گھروں کو جزوی جبکہ 10 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، اپر کوہستان، ٹانک، تورغر، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان شامل ہیں، جہاں بارشوں اور فلش فلڈز کے باعث مختلف حادثات پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور موسمی الرٹس و سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی معلومات یا امداد کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔