سکیورٹی فورسز نے درابن میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے: آئی ایس پی آر
ڈیرہ اسماعیل خان(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 24 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 13 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے، جن میں دسمبر 2023 میں درابن میں خودکش حملہ، سرکاری اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شامل ہیں۔