بلوچستان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن‘بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ، نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے گئے‘دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ‘ خضدار میں490 کلوگرام دھماکہ خیز مواد  برآمد کیا گیا
راولپنڈی (آئی این پی) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 17 اکتوبر کو پنج پائی میں دہشت گردوں کی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادی۔سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان دہشت گردوں کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید2 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے، اس کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔علاوہ ازیں خضدار میں آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 1 دہشت گرد مارا گیا، اس آپریشن کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔