لداخ میں مظاہرے، 4 افراد ہلاک، بی جے پی کا دفتر نذرِ آتش

مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں‘  پولیس نے لاٹھی چارج اور  آنسو گیس کی  شیلنگ کی
لداخ(آئی این پی )مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ کو ریاستی حیثیت دینے کے مطالبے پر ہونے والا احتجاج پرتشدد رنگ اختیار کرگیا۔ سڑکوں پر احتجاج کرتے مشتعل مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں  پولیس نے لاٹھی چارج اور  آنسو گیس کی  شیلنگ کی، پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 4 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے  کے مطابق لیہہ شہر میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے دفتر کو مظاہرین نے توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔ واقعہ کی ویڈیو میں دفتر کی عمارت کے عقب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ سیکڑوں مظاہرین نعرے لگا رہے تھے۔ بھارتی ٹی وی چینلز نے پولیس کی ایک گاڑی کو بھی شعلوں کی لپیٹ میں دکھایا۔مظاہرین نے اعلان کیا ہے کہ  ریاستی حیثیت اور آئینی تحفظ کی بحالی تک احتجاج جاری رہے گا۔