اسلامی نظریاتی کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دے دیا

 بینکوں سے رقم نکالنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی  اور  زیادتی کے مترادف ہے‘دیت کے قانون میں ترمیم نہیں ہونی چاہیے‘ شوگر کے مریض خنزیر اجزاء   والی انسولین سے اجتناب کریں
انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے ادارے  مخصوص شرائط اور ضابطہ اخلاق کے تحت قائم کئے جا سکتے ہیں،‘ قرآن کریم کے شہادت کے نسخوں کی تطہیر کیلئے قانون سازی کی  جائے:سفارشات
اسلام آباد (آن لائن) اسلامی نظریاتی کونسل نے اہم مذہبی، سماجی اور قانونی امور پر اپنی سفارشات اور آراء   پیش کر دی ہیں۔کونسل کے مطابق بینکوں سے رقم نکالنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی ہے  اور اسے زیادتی کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔مزید برآں، کونسل نے کہا  انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے ادارے  مخصوص شرائط اور ضابطہ اخلاق کے تحت قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس کے لیے لازمی قانون سازی ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مفاسد سے بچا جا سکے۔ کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترمیم  کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سونا، چاندی اور اونٹ کی شرعی مقداریں قانون کا حصہ رہنی چاہییں۔ پیش کردہ بل میں چاندی کو حذف اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانا درست نہیں۔مزید کہا گیا کہ  شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزا پر مبنی انسولین دستیاب ہے  اس لیے خنزیر کے اجزاء   سے تیار کردہ انسولین کے استعمال سے اجتناب کیا جائے۔آخر میں کونسل نے سفارش کی کہ قرآن کریم کے شہادت کے نسخے شہادت کے بعد پاک صاف کیے جائیں  اور اس مقصد کے لیے مناسب قانون سازی کی جائے۔