درآمدی گندم پر انحصار ملکی خزانے پر ناقابلِ برداشت بوجھ ہوگا:رہنما پیپلز پارٹی کا بیان
اسلام آباد (آن لائن) پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو تجویز دی ہے کہ گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کسانوں کو ریلیف ملے اور زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی کے گندم کی 1.5 ارب ڈالر مالیت کی درآمد کے بیان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندم درآمد کرنے سے ملکی خزانے پر ناقابل برداشت بوجھ پڑے گا اور یہ غذائی بحران کا مستقل حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ بجٹ اور وسائل کا رخ زراعت کی طرف موڑے کیونکہ زراعت کی مضبوطی سے صنعتکار سے لے کر مزدور تک سب مستفید ہوں گے۔ نیر بخاری نے زور دیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کسان دوست پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے، کیونکہ ماضی میں گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ سے بمپر پیداوار ہوئی اور ملک کئی برس تک گندم میں خود کفیل رہا۔