کسان اتحاد کا حکومت سے گندم کی امدادی قیمت مقرر کرنے، خریداری شروع کرنے کا مطالبہ

 بجلی کے اضافی بلوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، ناجائز ٹیکس قبول نہیں کریں گے ،چیئرمین خالد حسین کا وزیر اعظم کے نام خط
 لاہور (آئی این پی )کسان اتحاد پاکستان نے گندم کی قیمت 4 ہزار 200 روپے فی من مقرر کرکے فوری خریداری یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ یہ مطالبہ صدر کسان اتحاد خالد حسین باٹھ کی جانب سے کو گندم کے نرخ اور کسانوں کے مسائل پروزیر اعظم شہبازشریف کے نام لکھے گئے خط میں کیا گیا ہے ۔خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پچھلے سال حکومت نے گندم کا ریٹ 3 ہزار 900 روپے فی من مقرر کیا تھا، مگر خریداری نہیں کی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر اس سال بھی حکومت نے گندم نہ خریدی تو ملکی غذائی تحفظ کو سنگین خطرہ ہوگا، کسانوں پر ناجائز ٹیکس لگا کر 50 لاکھ روپے تک کے غیر منصفانہ بل بھیجے گئے۔خط میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ پاکستان اربوں ڈالرز کی گندم درآمد کرنے کی سکت نہیں رکھتا، کسانوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔خالد حسین باٹھ نے کہاکہ بجلی کے اضافی بلوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، کسان ناجائز ٹیکس قبول نہیں کریں گے، کسانوں کو سستی بجلی فراہم کی جائے تاکہ زرعی شعبہ تباہی سے بچ سکے۔