لاپتہ 11 سالہ بچی کی لاش جھاڑیوں سے بر آمد

تانگڑیاں کی کوثرگھرسے بوتل لینے گئی اورواپس نہ آئی ، گمشدگی کی رپورٹ درج
مقامی افرادنے جھاڑیوں میں لاش دیکھی ،ورثا نے شناخت کرلیا، خوف وہراس
قصور،الہ آباد (خصوصی رپورٹ) تھانہ کنگن پور کے علاقے میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والی 11 سالہ بچی کی لاش جھاڑیوں سے بر آمد ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق موضع تانگڑیاں کے رہائشی شعبان کی بیٹی کوثر دو روز قبل گھر سے قریبی دکان پر بوتل لینے گئی تھی اور واپس نہیں آئی۔ گھر والوں نے تلاش کے بعد اس کی گمشدگی کی اطلاع پولیس تھانہ کنگن پور کو دی۔ گزشتہ صبح مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی، جہاں جھاڑیوں سے ایک بچی کی لاش ملی۔ لواحقین نے بچی کی شناخت کر لی۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ واقعے کی اطلاع پر علاقے میں افسوس اور خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔