وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بلوچستان ورکشاپ سے خطاب کے دوران کہا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی، اور وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں مضمر ہے۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی مضبوطی کے لیے صوبوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے، اور ہمیں سب کو مل کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے بتایا کہ 2018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا گیا تھا، مگر اب بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روزانہ وہ امن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کو اپنا بھائی قرار دیا اور کہا کہ انہیں ترقی میں شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بے امنی کی وجوہات کیا ہیں، اور اس کا حل اتحاد، محبت اور عزم میں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان سے پشاور تک ترقی ممکن ہے اور خونی روڈ کو امن کی سڑک میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان ہیں، اور امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ترقی کی کلید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔