وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کیا

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں پیڈل ٹینس کورٹ اور فٹنس ایرینا کا افتتاح کیا ہے۔

 اس موقع پر وزیر داخلہ کے علاوہ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین، سینیٹر فیصل سلیم، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے شرکت کی۔ افتتاح کے بعد وزیر داخلہ نے قائم مقام امریکی سفیر، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور چیئرمین سی ڈی اے کے ساتھ مل کر پیڈل ٹینس کھیل کر سرگرمی میں حصہ لیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ڈپلومیٹک کمیونٹی کو کھیل اور تفریح کے لیے معیاری سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی تزئین و آرائش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا، تاکہ یہاں رہنے والی کمیونٹی کے لیے سہولیات میں اضافہ ہو۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا مقصد ہے کہ ڈپلومیٹک کمیونٹی کا اسلام آباد میں قیام خوشگوار اور محفوظ بنے، اور اسلام آباد کو ایک عالمی معیار کا دارالحکومت بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل اور ثقافت لوگوں کو جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ محسن نقوی نے پاکستانی قوم کی مہمان نوازی اور خوش اخلاقی کو پاکستان کی پہچان قرار دیا۔تقریب میں چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔