ویب ڈیسک: پاک افغان کشیدگی کے سبب چمن، خیبر، جنوبی و شمالی وزیرستان اور ضلع کرم کے سرحدی راستے 13 ویں روز بھی بند ہیں۔
باب دوستی، طورخم، خرلاچی، انگور اڈہ، غلام خان سرحد پر سیکڑوں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ کسٹم حکام کے مطابق چمن میں باب دوستی کے گیٹ 4 سے صرف افغان شہریوں کو افغانستان جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔جھڑپوں کے بعد سے اب تک 10 ہزار افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے، جبکہ 1200 خالی کنٹینرز پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔ جھڑپوں سے متاثرہ ٹریڈ روٹس اور مقامات سے مال و مواد تاحال ہٹایا نہیں جا سکا۔ باب دوستی کے کھلنے کی صورت میں ٹرانزٹ کنٹینرز کو مرحلہ وار بحال کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
دوسری جانب، باب دوستی، چمن سے کراچی روٹ پر سیکڑوں مال بردار ٹرک، کنٹینرز کھڑے ہیں، جن میں گوشت، پھل، سبزیاں اور جوس خراب ہو رہے ہیں۔ خیبر میں طور خم، جنوبی وزیرستان میں انگور اڈہ، شمالی وزیرستان میں غلام خان اور ضلع کرم میں خرلاچی سرحدیں بھی بند ہیں، جس سے کارگو گاڑیاں لمبی قطاروں میں پھنس گئی ہیں۔