پہیہ جام ہڑتال، ٹرانسپورٹرز کی تجارتی سامان کی ترسیل معطل

پہیہ جام ہڑتال، ٹرانسپورٹرز کی تجارتی سامان کی ترسیل معطل

لاہور میں ٹریفک آرڈیننس 2025 کے نفاذ کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے ایک بار پھر پہیہ جام ہڑتال کر دی ہے۔

 اس ہڑتال کی وجہ سے لاہور سے پاکستان کے مختلف صوبوں میں جانے والی ٹریڈ اور درآمدات کی ترسیل معطل ہو گئی ہے، جس سے تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود نے بتایا کہ وہ روزانہ 5 ہزار سے زائد ٹرکوں کے ذریعے مختلف صوبوں میں تجارتی سامان کی ترسیل کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوپہر 2 بجے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوگا، اور امید ظاہر کی کہ یہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسائل کے حل کے لئے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے اور مذاکرات ناکام رہے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔ ایسوسی ایشن کے مطالبات میں ٹریفک آرڈیننس 2025 کے نفاذ کو روکنا اور ٹرانسپورٹروں کے مسائل کا حل شامل ہے۔ اس ہڑتال کے باعث تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، اور عوام و کاروباری حلقوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان جاری مذاکرات کے نتائج کا انتظار ہے تاکہ مسئلہ حل کیا جا سکے۔