پاک افغان سرحد 11ویں روز بھی بند، تجارتی اور مسافری سرگرمیاں معطل

پاک افغان سرحد 11ویں روز بھی بند، تجارتی اور مسافری سرگرمیاں معطل

ویب ڈیسک: پاک افغان کشیدگی کے سبب چمن، خیبر، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور ضلع کرم کے سرحدی راستے گیارہویں روز بھی مکمل طور پر بند ہیں۔

اس بندش کے باعث تجارت، آمدورفت اور مقامی معیشت شدید متاثر ہو رہی ہے، سرحدی گزرگاہوں پر مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، جن میں سیمنٹ، ادویات، کپڑا، تازہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔سرحد کی بندش سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ افغانستان جانے والے مزدور بھی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ چمن میں کسٹم حکام کے مطابق، بابِ دوستی تاحال تجارتی سرگرمیوں اور ویزا پاسپورٹ ٹریولنگ کے لیے بند ہے، جس کے سبب ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق، صرف چمن میں پانچ ہزار سے زائد پاکستانی شہری اپنی واپسی کے منتظر ہیں۔