جمرود(آئی این پی ) افغان سفارتکار نیاز محمد عارف کا ضلع خیبر جمرود میں آئی ایف کیمپ کا دورہ، افغان خاندانوں سے ملاقات کی۔ افغان سفارتکار نیاز محمد عارف، ڈائریکٹر برائے مہاجرین امور، نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جمرود نسیم اللہ شاہ کے ہمراہ جمعہ کو آئی ایف ایلیگل فارنرز کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افغان خاندانوں سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران افغان سفارتکار نے مہاجرین سے انتظامات اور سہولیات کے بارے میں ان کے تاثرات معلوم کئے۔ افغان خاندانوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تمام سہولیات اطمینان بخش ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نسیم اللّہ شاہ نے سفارتکار کو کیمپ میں رہائش، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کے انتظامات سے آگاہ کیا۔ افغان سفارتکار نیاز محمد عارف نے انتظامیہ کے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان انسانی بنیادوں پر تعاون آئندہ مزید مضبوط اور مؤثر ہوںگے۔