وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس ‘ مختلف وزارتوں کی سمریاں منظور

 سٹیٹ لائف، پی ٹی وی، جناح میڈیکل کمپلیکس اور دیگر اداروں کے بورڈز کی تشکیلِ نو کی منظوری
 پیٹرولیم  ڈویژن کے ماتحت اداروں کی درجہ بندی کیلئے وزیر پٹرولیم کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم
اسلام آباد (آن لائن) وزارتِ خزانہ میں کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارے کا اجلاس وفاقی وزیرِ خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں مختلف وزارتوں کی جانب سے پیش کی گئی اہم سمریوں کی منظوری دی گئی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں  گورننس اصلاحات، بورڈز کی تشکیلِ نو اور سرکاری اداروں کی درجہ بندی  کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمیٹی نے وزارتِ صحت کی جانب سے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے بورڈ میں آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی، جب کہ وزارتِ تجارت کی سمری پر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن  کے بورڈ کی ازسرِ نو تشکیل کی منظوری دی گئی تاکہ ادارے میں بہتر کارپوریٹ گورننس اور مؤثر انتظام کو فروغ دیا جا سکے۔اسی طرح وزارتِ ہاؤسنگ و ورکس کی سمری پر  نیشنل کنسٹرکشن لمیٹڈ اور پیپیک  کے تحلیل پلان کی منظوری دیتے ہوئے دونوں اداروں کے باقی کاموں کی منتقلی کے لیے ایک جامع فریم ورک بھی منظور کیا گیا۔