وزیراعظم شہباز شریف کا خزانہ،پٹرولیم اور پاور ڈویژن کی وزارتوں پر فوکس،ایک وفاقی وزیر نے خود ہی سبکدوش کرنے کی درخواست کردی

وفاقی کابینہ میں ردوبدل، مشاورت جاری وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اراکین سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی
بجٹ کے بعد بعض نئے چہرے بھی کابینہ میں نظر آئیں گے، دوسرے سال کے آخری تین ماہ سے متعلق خصوصی طور پر رپورٹ مانگی گئی ہے، وزراء کی وزارتوں کی تبدیلی پر مشاورتی عمل باقاعدگی سے جاری ہے 
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی کابینہ میں ردوبدل پر مشاورت جاری ہے اوروزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اراکین سے دو سال کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔حکومتی ذرائع کے مطابق دوسرے سال کے آخری تین ماہ سے متعلق خصوصی طور پر رپورٹ مانگی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک وفاقی وزیر نے وزیراعظم سے خود ہی انھیں سبکدوش کرنے کی درخواست کردی۔ذرائع کے مطابق ایک اتحادی جماعت کے وزیر نے وزارت تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔بجٹ کے بعد بعض نئے چہرے بھی کابینہ میں نظر آئیں گے ۔ وزیراعظم ان دنوں فرداً فرداً وزراء سے ان کی وزارتوں کی کارکردگی پر بریفنگ بھی لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم خزانہ،پٹرولیم اور پاور ڈویژن کی وزارتوں پر فوکس کیے ہوئے ہیں۔بعض وزراء کی وزارتوں کی تبدیلی پر مشاورت کا یہ عمل باقاعدگی سے جاری ہے۔