پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے راولپنڈیز نے آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو براہِ راست اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کیا گیا ہے۔31 سالہ میتھیو شارٹ جارحانہ بیٹنگ کے ساتھ آف اسپن بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، جس کے باعث وہ ٹیم کے لیے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
بی بی ایل میں شاندار کارکردگی
میتھیو شارٹ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کی قیادت کرتے ہیں۔ وہ مسلسل دو سیزنز، بی بی ایل 12 اور بی بی ایل 13 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔آسٹریلوی آل راؤنڈر نے بگ بیش لیگ کے 95 میچز میں 141.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2466 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں 2 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ لیگ میں 38 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔
راولپنڈیز کے ہیڈ کوچ کا مؤقف
راولپنڈیز کے ہیڈ کوچ ایڈم ووگس کا کہنا ہے کہ میتھیو شارٹ ٹیم کے جارحانہ کھیل کے انداز سے مکمل مطابقت رکھتے ہیں۔ان کے مطابق آسٹریلوی آل راؤنڈر میں اننگز کے ابتدائی اوورز میں حریف بولرز پر دباؤ ڈالنے کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ ان کی آل راؤنڈ کارکردگی ٹیم کو اضافی مضبوطی فراہم کرے گی۔
پی ایس ایل میں پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گے
واضح رہے کہ میتھیو شارٹ کو 2025 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی منتخب کیا تھا، تاہم وہ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔