نوٹ نچھاور کرنے پر شادی میں ہنگامہ، دلہا تبدیل کردیا گیا

نوٹ نچھاور کرنے پر شادی میں ہنگامہ، دلہا تبدیل کردیا گیا

لاہور: باٹا پور کے علاقے بھسین گاؤں میں شادی کی تقریب اس وقت میدانِ جنگ بن گئی جب نوٹ نچھاور کرنے کے معاملے پر دلہا اور دلہن والوں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا۔

تلخ کلامی کے بعد دونوں خاندانوں کے افراد آپس میں گتھم گتھا ہوگئے، جس کے دوران دلہا سمیت متعدد باراتیوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ سے بارات دھوم دھام کے ساتھ بھسین گاؤں کے گولڈن پیلس میرج ہال پہنچی تھی۔ شادی کی تقریب جاری تھی کہ لڑکے والوں کی جانب سے نوٹ نچھاور کرنے پر دونوں فریقین کے درمیان اختلاف پیدا ہوگیا۔ابتدائی طور پر ہونے والی تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔ شادی ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور دونوں جانب سے ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ اس دوران دلہن والوں نے مبینہ طور پر دلہا کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

عین موقع پر دلہا تبدیل، دلہن کی دوسرے شخص کے ساتھ رخصتی
واقعے کا سب سے غیر معمولی پہلو یہ سامنے آیا کہ جھگڑے کے دوران عین موقع پر دلہا تبدیل کردیا گیا اور دلہن کی رخصتی کسی دوسرے شخص کے ساتھ کردی گئی۔صورتحال کے باعث باراتیوں میں بھی شدید بے چینی پھیل گئی اور بارات دلہن کے بغیر ہی واپس روانہ ہوگئی۔

پولیس کی کارروائی، متعدد افراد زیر حراست
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق مقامی معززین نے دونوں خاندانوں کے درمیان صلح کرانے میں کردار ادا کیا، جس کے بعد رپٹ درج کرکے زیرِ حراست افراد کو رہا کردیا گیا۔