راولپنڈی میں پسند کی شادی کا افسوسناک قتل، دلہا، دلہن اور والدہ قتل

راولپنڈی میں پسند کی شادی کا افسوسناک قتل، دلہا، دلہن اور والدہ قتل

راولپنڈی کے ٹیکسلا میں پسند کی شادی ایک المناک واقعہ میں بدل گئی، جہاں لڑکے، اس کی بیوی اور والدہ کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، مقتولہ شہلا بی بی کے بیٹے محمد عامر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ شہلا بی بی نے عزیز اللہ سے دوسری شادی کی تھی، جبکہ ان کے بیٹے دانش اکرم نے عزیز اللہ کی بیٹی سے پسند کی شادی کی۔مقدمے کے متن کے مطابق، اس شادی پر لڑکی کے بھائیوں نذیر، نجیب اور عزیز اللہ کو شدید غصہ آیا۔ ملزمان نے دانش اکرم کو دعوت کے بہانے گھر بلایا، جہاں اس کی بیوی سیما گل پہلے ہی موجود تھی۔
مدعی کے مطابق، جب دانش اکرم رات بھر واپس نہ آیا تو اہل خانہ عزیز اللہ کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے عقبی دروازے سے نذیر اور نجیب کو ہاتھوں میں چھریاں لیے فرار ہوتے دیکھا۔ انہیں روکنے کی کوشش پر، ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔گھر کے اندر داخل ہونے پر، دانش اکرم، اس کی والدہ شہلا بی بی، اور اہلیہ سیما گل کی لاشیں تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کی گئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ قتل پسند کی شادی کے تنازع پر کیا گیا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔