لیبیا کشتی حادثہ: 35 جاں بحق، ایم این اے مبارک زیب کے چچازاد بھائی بھی شامل

لیبیا کشتی حادثہ: 35 جاں بحق، ایم این اے مبارک زیب کے چچازاد بھائی بھی شامل

ویب ڈیسک: لیبیا کے ساحل کے قریب یورپ جانے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 35 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

حادثے میں خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوان بھی شامل ہیں۔ واقعے پر سیاسی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں رکن قومی اسمبلی باجوڑ اور وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب کے چچا زاد بھائی بھی شامل ہیں، جن کی شناخت پزیز اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔حادثے کی خبر سامنے آنے کے بعد باجوڑ میں سوگ کی فضا ہے جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کے بارے میں مزید معلومات کے منتظر ہیں۔

ثمر ہارون بلور کا اظہارِ افسوس
مشیرِ گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے لیبیا میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے جاں بحق نوجوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو شدید غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ثمر ہارون بلور نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق نوجوانوں کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

متاثرہ خاندانوں میں تشویش اور سوگ
کشتی حادثے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد باجوڑ کے مختلف علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کے گھروں میں غم اور بے چینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔ بعض خاندانوں نے اپنے پیاروں کی غائبانہ نمازِ جنازہ گزشتہ روز ادا کی، جبکہ بعض کی نمازِ جنازہ آج ادا کی جائے گی۔کشتی میں سوار باجوڑ کے نوجوانوں کی درست تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم سوشل میڈیا پر حادثے سے متاثر ہونے والے نوجوانوں کی تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔متاثرہ خاندانوں کے مطابق بعض افراد کو اپنے پیاروں کی موت کی اطلاع مبینہ طور پر ایجنٹ کے ذریعے موصول ہوئی، جس کے بعد گھروں میں سوگ کی فضا قائم ہے۔