باجوڑ: وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب کے گھر کے قریب دھماکہ، دروازہ تباہ، جانی نقصان نہیں ہوا

باجوڑ: وزیراعظم کے مشیر مبارک زیب کے گھر کے قریب دھماکہ، دروازہ تباہ، جانی نقصان نہیں ہوا

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں وزیراعظم کے مشیر اور رکن قومی اسمبلی مبارک زیب خان کے گھر کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ایم این اے مبارک زیب دھماکے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے بعد مبارک زیب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا:"میرے گھر کے مین گیٹ کو بم سے اڑایا گیا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔"انہوں نے مزید کہا:

"ان بزدلانہ کارروائیوں سے میرے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ میں ان شاء اللہ اپنے شہید بھائی کے مشن اور ویژن کو جاری رکھوں گا۔"سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

مبارک زیب کے بھائی، سابق ایم این اے شہید جمال زیب کو بھی چند ماہ قبل دہشت گرد حملے میں شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد مبارک زیب ضمنی انتخاب میں کامیاب ہو کر اسمبلی میں پہنچے تھے۔