تحصیل خار ہیڈ کوارٹر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب سمیت 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مولانا خان زیب 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کی مہم کے سلسلے میں دورے پر تھے۔مولانا خان زیب اے این پی کی علماء کونسل کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے سابق امیدوار تھے۔ ان کے قافلے پر حملہ اچانک کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے تین ساتھی شدید زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اے این پی قیادت کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کی گئی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشتگردوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔