طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے،وزیر دفاع خواجہ آصف

طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے،وزیر دفاع خواجہ آصف

کراچی: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو رانا ثناء اللہ سے متعلق دیے گئے ریمارکس پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے، محسن نقوی کو دھمکی آمیز زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے تھی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی معاملات میں دھمکی آمیز زبان اختیار کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔ محسن نقوی کو رانا ثناء اللہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دھمکی نہیں دینی چاہیے تھی، کیونکہ سیاسی اختلافات کو بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے صوبوں سے متعلق معاملات جس انداز میں نمٹائے ہیں، اس پر پارٹی کے اندر بے چینی پائی جاتی ہے۔ ان کے مطابق طاقت کے قریب ہونے کو دوسروں پر دباؤ ڈالنے یا انہیں نظرانداز کرنے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔

27ویں آئینی ترمیم سے متعلق پیپلز پارٹی کے مؤقف پر بھی ردعمل

خواجہ آصف نے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی جانب سے اسے زبردستی منظور کرانے کے تاثر کو سیاسی بددیانتی قرار دیا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس آئینی ترمیم کا سب سے بڑا فائدہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو حاصل ہوا، جنہیں تاحیات استثنیٰ دیا گیا ہے۔انہوں نے اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے مؤقف اور اس کے اثرات کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔