اسلام آباد: بجلی کے نرخوں میں کمی کے حکومتی پیکج کے حوالے سے ایک اہم تقریب اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، خواجہ آصف، رانا ثناء اللّٰہ اور دیگر وزرا بھی شریک ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم پیش کی گئی۔ بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے ماضی پر نظر ڈالنا ضروری ہے، کیونکہ ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے حکومت نے دن رات محنت کی اور اب منشور میں کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کا وقت آ چکا ہے۔شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک پر ڈیفالٹ کا خطرہ منڈلا رہا تھا اور آئی ایم ایف بات کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اس معاشی بحران کے دوران آرمی چیف اور ان کے رفقا کا بھرپور تعاون حاصل رہا، جنہوں نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مدد کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس راہ میں کئی پہاڑ جیسے رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں، لیکن حکومت نے ان کا مقابلہ کر کے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔اس حکومتی پیکج کا مقصد عوام کو بجلی کے نرخوں میں کمی کے ذریعے ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس سے ملک کی معیشت کی استحکام کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔