راولپنڈی: عسکری قیادت نے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے آغاز کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے قوم، سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔
مسلح افواج کی قیادت نے اس پیش رفت کو پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے مسلح افواج کی جانب سے اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا خلائی سفر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے خلا باز اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔
سپارکو کے سائنس دانوں اور انجینئرز کی محنت کو سراہا
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج کی قیادت نے سپارکو کے سائنس دانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں یہ تاریخی قومی کامیابی ممکن ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ انسانی خلائی مشن میں پاکستان کی شمولیت ملک کی افرادی قوت، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہے۔ یہ کامیابی مستقبل میں سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبوں میں مزید ترقی کے لیے نئی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
پاک چین دوستی خلا تک پہنچ گئی، عسکری قیادت
مسلح افواج نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں تعاون پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی اب زمین کی سرحدوں سے آگے خلا تک پہنچ گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون نے پاکستان کے انسانی خلائی مشن میں شمولیت کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
نوجوان نسل کے لیے نئی ترغیب
عسکری قیادت کے مطابق پاکستان کی جانب سے انسانی خلائی مشن میں شرکت ایک ایسی کامیابی ہے جو نئی نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔