چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی (CMSA) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی خلائی مسافر جلد چین کے خلائی اسٹیشن "تیانگونگ" پر جانے والے بین الاقوامی مشن کا حصہ بنیں گے۔
چینی خلائی ایجنسی کے ترجمان لن شی جینگ نے کہا کہ پاکستانی خلا بازوں کا انتخابی عمل جاری ہے، جو چین اور پاکستان کے درمیان فروری میں دستخط ہونے والے تعاون کے معاہدے کے تحت شروع ہوا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ اس عمل میں دو پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ انتخاب کا عمل تین مراحل میں مکمل ہوگا، جس میں پاکستان میں ابتدائی مرحلہ، چین میں دو اضافی ٹیسٹنگ اور انٹرویوز شامل ہیں۔ منتخب خلا بازوں میں سے ایک پاکستانی خلا باز "پے لوڈ اسپیشلسٹ" کے طور پر مشترکہ خلائی پرواز میں شامل ہوگا اور چینی خلائی اسٹیشن پر پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔یہ پیشرفت چین کے "شینزو 20" مشن کی تیاریوں کے دوران سامنے آئی ہے، جو آج شام تین چینی خلا بازوں کو خلاء میں روانہ کرے گا۔