مسرت بی بی سوات سے لاپتہ ہوئی تھیں، والد سے ملاقات پر آبدیدہ ہو گئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) سیف سٹی میرا پیارا ٹیم نے 13 سال سے بچھڑی خاتون مسرت بی بی کے اہلِ خانہ کو سوات میں تلاش کرکے انہیں خاندان سے ملا دیا۔ مسرت بی بی 2013 میں مینگورہ، سوات سے لاپتہ ہوئی تھیں اور اس دوران دارالامان ملتان میں مقیم رہیں۔ سیف سٹی میرا پیارا ٹیم نے خاتون کی ویڈیو ریکارڈ کرکے ان کے اہلِ خانہ کی تلاش شروع کی اور جدید ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور سوات پولیس کے تعاون سے خاندان کا سراغ لگا لیا۔ سیف سٹی ٹیم نے ویڈیو کال کے ذریعے خاتون کا اہلِ خانہ سے رابطہ کروایا اور شناخت کی تصدیق کے بعد مسرت بی بی کو 13 سال بعد بحفاظت ان کے والد خان محمد کے حوالے کر دیا۔ طویل عرصے بعد بیٹی سے ملاقات پر والد آبدیدہ ہو گئے، جبکہ اہلِ خانہ نے سیف سٹی میرا پیارا ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے برسوں سے بچھڑے افراد کو ان کے خاندانوں سے ملایا جا رہا ہے۔ شہری گمشدہ یا لاوارث افراد کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 3 دبائیں۔