29 سال قبل اغواء ہونے والی خاتون کو خاندان سے ملوا دیا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 29 سال قبل اغواء ہونے والی خاتون کو اس کے خاندان سے ملا دیاترجمان سیف سٹی کے مطابق فوزیہ نامی بچی 1997 میں کراچی سے اغواء ہو گئی تھی اور طویل عرصے تک لاپتہ رہی۔ اغواء کے بعد بچی کو مختلف علاقوں میں منتقل کیا جاتا رہا، جس کے باعث وہ اپنی اصل شناخت سے محروم ہو گئی۔سیف سٹی کے "میرا پیارا" پروگرام کے تحت سوشل میڈیا پر فوزیہ کی بچپن کی تصویر کے ساتھ تلاش مہم شروع کی گئی۔ اس مہم کے دوران سعودی عرب میں مقیم فوزیہ کے بھائی مومن خان نے سوشل میڈیا پوسٹ دیکھ کر اپنی بہن کو پہچان لیابعد ازاں سیف سٹی ٹیم نے دونوں خاندانوں کی جانب سے فراہم کردہ شناختی دستاویزات کی ابتدائی تصدیق کی۔ سیف سٹی کے زیر اہتمام ایک کانفرنس کال کے دوران بہن بھائی نے ایک دوسرے کو پہچان لیا، جس کے بعد ان کے درمیان رابطہ بحال کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے گمشدہ افراد کی تلاش میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔