مشن عظیم لمحہ،نوجوان خلابازی کی جانب راغب ہوں گے: احسن اقبال

 اسلام آباد(بیورو رپورٹ، خصوصی رپورٹ ) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی خلائی مشن پر روانگی ایک عظیم موقع ہے اور وہ الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرسکتے۔ پاکستانی خلاباز کی روانگی کی الوداعی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ نہ صرف ان کے لیے بلکہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک عظیم لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ٹی وی اسکرینوں پر یہ یادگار لمحات دیکھ رہی ہے اور اسے اپنے ہیرو پر فخر ہے، جو چینی خلابازوں کے ہمراہ خلائی مشن پر روانہ ہورہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ امید ہے نوجوان ان تاریخی لمحات کو دیکھ کر خلابازی کے شعبے کی جانب راغب ہوں گے۔ یہ یادگار لمحات تاریخ میں یاد رکھے جائیں گے، کیونکہ یہ سفر اختتام نہیں بلکہ شروعات ہے۔ پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی مشن پر روانگی کے موقع پر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی بھی موجود تھے۔