25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز مشن پر روانہ ہوگا؛احسن اقبال

چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا
 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف ہے،  نارووال میں سپیس میوزیم قائم کریں گے
نارووال (آئی این پی) نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز خلائی مشن پر روانہ ہوگا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ عالمی ورلڈ اسپیس ویک 2026 منایا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ نارووال میں ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے، چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، خلائی تحقیق مستقبل کی ترقی، سائنسی دریافتوں اور انسانی علم کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، لہذا نوجوانوں میں سائنسی تجسس، تحقیق اور علم کے حصول کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، مسلمان سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق میں نمایاں مقام رکھتے تھیاور پاکستان کو علم و تحقیق کے میدان میں اپنی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔