وانا کیڈٹ کالج حملہ،فیلڈ مارشل نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن پر نظر رکھی

 فیلڈ مارشل نے  کہا   قوم کے معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے 
 ایک کیڈٹ نے کہا ہم تعلیم حاصل کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے:آپریشن کمانڈر کرنل محمد طاہر 
راولپنڈی (آئی این  پی )  سکیورٹی ذرائع  کا کہنا ہے کہ وانا کیڈٹ کالج حملہ کے بعد   فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لمحہ بہ لمحہ آپریشن کی نگرانی کی اور واضح ہدایت دی کہ قوم کے معماروں کو کسی بھی قیمت پر نقصان نہ پہنچے۔سیکورٹی  ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کے جوان 24 گھنٹے سے زائد ڈھال بن کر کالج کے باہر کھڑے رہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آپریشن کے دوران کہا کہ  قوم کے معمار ہمارا سرمایہ ہیں، ان پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔  کالج میں زیرِ تعلیم کیڈٹس نے بتایا کہ حملے کے وقت وہ ڈرلز کی تیاری کر رہے تھے۔ حملے کے فورا بعد جب پاک فوج کے جوان پہنچے تو اساتذہ نے ہمیں کہا کہ اب پریشان نہ ہوں، پاک فوج پہنچ چکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہو گیا تھا کہ حملہ تعلیم دشمنوں کی کارروائی ہے، مگر پاک فوج کے جوانوں نے ہمیں بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ ایک کیڈٹ نے کہا کہ تعلیم کے دشمن کچھ بھی کر لیں، ہم تعلیم حاصل کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔