لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایل پی جی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جبکہ انتظامیہ گیس کی سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں سے تقریباً دگنی قیمت پر فروخت ہونے لگی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں کے مطابق لاہور کے کسی بھی علاقے میں اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری قیمت پر ایل پی جی دستیاب نہیں۔ مختلف دکانوں اور گیس فروخت کرنے والے مراکز پر من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ متعلقہ سرکاری ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔اوگرا نے رواں ماہ کے لیے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے 73 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی 570 سے 610 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
اس طرح صارفین کو سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی گھریلو ضروریات کے لیے استعمال ہونے والی اہم گیس ہے، لیکن سرکاری نرخوں پر دستیابی نہ ہونے کے باعث انہیں مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں اس قدر اضافے نے پہلے سے مہنگائی کے شکار گھرانوں کے اخراجات مزید بڑھا دیے ہیں۔