نیویارک: عالمی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی سروسز میں بڑے پیمانے پر تعطل کے بعد ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ کر دیا ہے۔
کمپنی نے سروسز کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے، ممکنہ تعطل کی روک تھام اور بنیادی تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیکرو سافٹ کی سروسز میں پیش آنے والے تعطل سے آسٹریلیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک متاثر ہوئے۔ اس صورتحال کے باعث سرکاری اداروں اور تجارتی سرگرمیوں میں تاخیر ہوئی، جبکہ فضائی کمپنیوں کے مواصلاتی نظام میں بھی خلل پڑا۔کمپنی کے مطابق اس واقعے کا سائبر حملوں یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ایجنٹس سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مائیکرو سافٹ نے واضح کیا ہے کہ اس تعطل کے بعد توجہ سروسز کے استحکام، نظام کی کارکردگی بہتر بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کے اقدامات پر مرکوز کر دی گئی ہے۔
’’کوڈ ریڈ‘‘ مہم کے تحت کمپنی بنیادی تکنیکی مسائل کا جائزہ لے گی اور سروسز کی قابلِ اعتماد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اصلاحات کرے گی۔ٹیکنالوجی کے شعبے میں مائیکرو سافٹ کی سروسز دنیا بھر میں سرکاری اداروں، کاروباری کمپنیوں اور عام صارفین کے لیے اہم ہیں، اس لیے اس نوعیت کے تعطل سے مختلف شعبوں کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔